پاکستانیوں کی ملک کے لیے خدمات
سنگاپور میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر رخسانہ افضال نے کہا ہے کہ سنگاپور میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات قابل تعریف ہیں یہ بات رخسانہ افضال نے اپنی رہائش گاہ پر معروف کمیونٹی شخصیات کے اعزاز میں دیئے گئے عشایئے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا جس طرح یہاں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے اپنے اپنے شعبوں میں اپنی محنت اور لگن سے مقام حاصل کیا ہے وہ پاکستانی قوم کے لیے قابل فخر ہے انہوں نے کہا کہ سنگاپور میں پاکستانی کمیونٹی نے تعمیرات ، شپنگ، بینکنگ اور میڈیکل سمیت کئی اہم شعبوں میں اپنا نام بنایا ہے جبکہ ان سنگاپور کی صدر حلیمہ یعقوب نے بھی ذاتی طور پر پاکستانی کمیونٹی کے سنگاپور کی ترقی میں کردار کی تعریف کی ہے۔
رخسانہ افضال نے تعمیرات کے شعبے میں ڈاکٹر نسیم شہزاد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر نسیم شہزاد صرف سنگا پور ہی نہیں بلکہ دنیا کی سب سے بڑی انجینرنگ فرم کے مالک ہیں جبکہ نہ صرف سنگا پور بلکہ دنیا کی اہم ترین عمارتوں کی تعمیر ان کی ہی کمپنی نے کی ہے جو پاکستان کے لیے بھی ایک اعزاز ہے ان کی خدمات کو حکومت پاکستان نے بھی تسلیم کرتے ہوئے انہیں اس سال ہلال امتیاز سے نوازا ہے جو اسی ماہ صدر پاکستان سے وصول کریں گے۔
اسی طرح شپنگ کے شعبے میں عبد الطیف صدیقی کا نام بھی کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے وہ واحد پاکستانی ہیں جو شپنگ کے شعبے منیں پاکستان کا پرچم بلند کیے ہوئے ہیں جو نہ صرف سنگاپور میں بلکہ پاکستان میں بھی شپنگ کے شعبے میں نوجوان میرین انجینرز کو اسکالر شپ فراہم کرکے پاکستان میں مرچنٹ نیوی کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے کوشان ہیں۔
انہوں نے حال ہی میں پاکستان میں دوا رب ڈالر کی سرمایہ کاری کے لیے بھی حکومت پاکستان کو منصوبہ پیش کیا ہے، بطوہائی کمشنر ہم ان سے ہر ممکن تعاون بھی کریں گے۔
محترمہ رخسانہ افضال نے کہا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل پاکستان منصوبے کی سربراہ تانینہ ایدروس کا تعلق بھی سنگا پور کی پاکستانی کمیونٹی سے تھا جبکہ اب گوگل سنگاپور اور فارایسٹ کے کنٹری ہیڈ کا تعلق بھی سنگاپور میں پاکستانی کمیونٹی سے ہے